ایرانی وزیر داخلہ کا 5 ہزار پاکستانی زائرین کیلئے مشہد میں قیام و طعام کا اعلان، ہاٹ لائن اور سہ ملکی کانفرنس پر اتفاق
: پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا گیا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اربعین اور محرم کے دوران پاک ایران بارڈر زائرین کیلئے 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔
ایرانی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 5 ہزار پاکستانی زائرین کو ایرانی حکومت مشہد میں قیام و طعام کی سہولتیں دے گی، ایرانی حکومت زائرین کیلئے بارڈر سے عراق تک خصوصی انتظامات کرے گی۔
ملاقات میں زائرین کی سہولت اور دیگر مسائل کے فوری حل کیلئے ہاٹ لائن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، ساتھ ہی مشہد میں پاکستانی زائرین سے متعلق پاک ایران، عراقی وزارت داخلہ کی سہ ملکی کانفرنس کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا گیا۔
زائرین کی سکیورٹی کیلئے پروازوں کی تعداد بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا، اس حوالے سے لائحہ عمل جلد ترتیب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی اور اسکندر مومنی میں بحری راستے سے بھی زائرین کو ایران اور عراق بھجوانے پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں پاک ایران تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ، اور انسداد منشیات کے لیے تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان میں بہترین تعلقات ہیں، پاکستان کی سیکیورٹی ہمارے لیے اہم ہے، زائرین کی خدمت ہمارا مذہبی فریضہ ہے۔
اس موقع پر غیر دانستہ پاکستانی بحری حدود میں حراست میں لیے گئے ایرانی ماہی گیروں کی رہائی پر بھی گفتگو ہوئی، ایرانی ہم منصب کے مطالبے پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔