ایران و پاکستان مشترکہ سرحدوں پر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے ایرانی ہم منصب جنرل محمد باقری سے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں میجر جنرل باقری نے مارشل عاصم منیر اور ان کے ہمراہ وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان سرحدوں کے دونوں جانب دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور سرحدی کنٹرول کے حوالے سے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون میں توسیع کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے شاندار استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج کے پاس مختلف شعبوں میں قابلِ قدر تجربہ ہے، اور ہم ہمیشہ ایران کے ساتھ سیکیورٹی اور دفاعی تعاون کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مشترکہ سرحدوں پر دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
میٹنگ کے آغاز میں جنرل باقری نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پر مبارکباد دی۔